اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیئرمین سی ڈی اے کو ایک ماہ میں شہری کو پلاٹ کاقبضہ دینے کی ہدایت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سی ڈی اے کو ایک ماہ میں شہری کو پلاٹ کاقبضہ دینے کی ہدایت

چیئرمین سی ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں تب کام ہوگا ؟ ، جسٹس محسن اختر کیانی

اسلام آباد

ولی الرحمن

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سی ڈی اے کو ایک ماہ میں شہری کو پلاٹ کاقبضہ دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری کو پلاٹ کا قبضہ نہ دینے کے خلاف کیس کی سماعت میں اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں تب کام ہوگا ؟ ، اپنے آفس کو بتائیں اپنا کام پورا کریں ورنہ وارنٹ گرفتاری ہونگے، پھر جرمانہ بھی ہوگا اور چیئرمین اور ممبر بورڈ کو یہاں بٹھا کر کہوں گا آرڈر کریں۔

انھوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روز دیے ہیں اسلام آباد کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سیکٹر ای الیون میں شہری کو پلاٹ کا قبضہ نہ دینے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جب وارنٹ ہونگے یا کوئی سخت آرڈر تو پھر انکی ذات پر حرف آئے جائے گا، انہیں سمجھائیے گا، بے شک انھیں سمجھ نہ آئے لیکن لا افسر کا کام ہوتا ہے بتانا۔

وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ ممبر سی ڈی اے بورڈ چار ہفتوں کی رخصت پر ہیں وقت دیا جائے، عدالت نے کہا کہ جو چار ہفتے کی چھٹی پر ہیں انھیں کہیں آئندہ سماعت سے قبل متاثرہ شہری کی داد رسی کریں، ممبر بورڈ کو بتائیں اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہو تو چھٹی کے باوجود عدالت آجائیں۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کئی سال گزر گئے سی ڈی اے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، عدالت نے آئندہ سماعت تک متاثرہ شہری کو پلاٹ کا قبضہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.