ٹیپوٹرکاں والے کے بیٹے امیربالاج کے قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

ٹیپوٹرکاں والے کے بیٹے امیربالاج کے قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

لاہور میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد مرکزی اشتہاری ملزم طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ گرفتاری انٹرپول کی مدد سے عمل میں آئی۔

ملزم کا نام خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ ہے، جو امیر بالاج کے قتل کے بعد سے پولیس کو مطلوب تھا، جسے انٹرپول کی مدد سے دبئی میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم طیفی بٹ کو قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد عنقریب ہی پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اگست 2024 میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ احسن شاہ کو نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے بھائی نے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسے چھڑوانے کے لیے حملہ کر دیا، اس دوران مبینہ مقابلے کے دوران احسن شاہ زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

امیر بالاج ٹیپو کو 18 فروری 2024 کو شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

لاہور پولیس کے مطابق ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا۔

شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی تھی، جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا، جب کہ مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ امیربالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ سے رابطے میں رہا تھا، گوگی بٹ ٹیپو خاندان کے تمام سابقہ قتل کیس میں بھی نامزد ملزم رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی آئندہ پیشی پر گوگی بٹ کی ضمانت خارج کروانے کی استدعا کرے گی۔

واضح رہے کہ امیر بالاج کے قتل کے بعد ملزم خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ فرار ہو گیا تھا، بعد ازاں ملزم نے ضمانت حاصل کرلی تھی اور 15 ستمبر تک عبوری ضمانت پر ہے جبکہ ملزم طیفی بٹ تاحال اشتہاری ملزم تھا، جسے آج دبئی سے حراست میں لیکر پاکستان منتقل کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

Comments are closed.