ترقی اور امن کے فروغ کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے ، مریم نواز

ترقی اور امن کے فروغ کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے ، مریم نواز

لاہور

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی اور امن کے فروغ کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے، اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سائنسی علوم اور جدید ٹیکنالوجی میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرے۔

انہوں نے یہ بات عالمی دنِ سائنس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی، اور کہا کہ یہ دن عوام میں روزمرہ زندگی اور امن و سکون کے لیے سائنس کی اہمیت کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوان نسل، خاص طور پر طلبہ کو سائنسی ریسرچ اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنے پر پوری طرح عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور سائنسی علوم کے شعبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، اور نوجوانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی سائنس اور ٹیکنالوجی میں انقلاب لانے کا پیش خیمہ ہے، جبکہ نواز شریف کینسر انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر اور مریم نواز آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر میں سائنسی تحقیق کو فروغ ملے گا۔ مزید یہ کہ نواز شریف میڈیکل سٹی میں میڈیکل سائنس ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے منفرد سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے جشن STEAM میں جدید ترین ماڈلز پیش کیے۔ خاص طور پر راجن پور کے ایک طالبعلم نے وائی فائی سے 100 گنا تیز لائی فائی کا ماڈل پیش کر کے شائقین کو حیران کر دیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں حکومت تعلیم، صحت، زراعت سمیت ہر شعبے کو جدید سائنسی خطوط اور ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم میں اپنی بھرپور صلاحیتیں دکھائیں، حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب آئی ٹی اور سلیکون کے انقلاب کے دور میں قدم رکھ رہا ہے، اور سائنس و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری سے نہ صرف اقتصادی ترقی ممکن ہے بلکہ امن و سلامتی کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

Comments are closed.