پی ٹی وی ملازمین کی تنخواہوں کی بندش افسوسناک ہے، حکومت فوری ادائیگی کرے ، ترجمان جے یو آئی

پی ٹی وی ملازمین کی تنخواہوں کی بندش افسوسناک ہے، حکومت فوری ادائیگی کرے ، ترجمان جے یو آئی

حکومت سے نہ پی آئی اے چلتی ہے نہ پی ٹی وی، نااہل حکمران صرف دعوے کرتے ہیں ، اسلم غوری

اسلام آباد

ولی الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی ٹی وی ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جو نہایت قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے نہ پی آئی اے چلتی ہے اور نہ ہی پی ٹی وی، جبکہ حکمران صرف زبانی جمع خرچ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اسلم غوری نے کہا کہ جو حکمران معیشت کی بہتری کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں وہ اپنے ہی اداروں کے ملازمین کو تنخواہیں دینے کے قابل نہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف اداروں بلکہ ہزاروں ملازمین کے گھروں کے لیے بھی تباہ کن ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا ہم پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ، ملازمین کو گزشتہ دو ماہ کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں ، یہ حقیقت ہے کہ ملازمین کے گھروں کے چولہے صرف تنخواہوں سے ہی جلتے ہیں۔

اسلم غوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ادارے کے ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ ان کے گھروں میں معاشی بحران مزید نہ بڑھے۔

Comments are closed.