بلوچستان کے 12 اضلاع میں خشک سالی کی شدت بڑھنے کا امکان، پیشگی انتباہ جاری
کوئٹہ
بلوچستان کے 12 اضلاع میں خشک سالی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے صوبائی حکومت کو پیشگی انتباہ جاری کر دیا ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے بلوچستان کے 12 اضلاع کو خشک سالی کی نگرانی میں رکھا ہے اور صوبائی حکومت کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پیشگی اقدامات کرنے کی تجویز دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں خشک اور نیم خشک موسم ہے، جہاں بارشیں بہت کم اور بدلتی رہتی ہیں، درجہ حرارت میں شدت آتی ہے اور خشک موسم کی مدت بھی زیادہ ہوتی ہے۔
صوبے کے جنوب مغربی اور جنوبی علاقے زیادہ تر خشک ہیں اور گرمیوں کے طوفانوں سے کم متاثر ہوتے ہیں، مغربی اور جنوب مغربی بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع سردیوں کی بارشوں پر انحصار کرتے ہیں، جن کی سالانہ مقدار 71 سے 231 ملی میٹر کے درمیان ہوتی ہے۔
مجموعی طور پر مئی سے اکتوبر 2025 تک ان علاقوں میں معمول سے کم بارش (79 فیصد) ریکارڈ کی گئی ہے، اس کے ساتھ ہی مسلسل خشک دنوں کی تعداد میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے، جو پورے علاقے میں طویل خشک موسم کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ بارش کی کمی خشک سالی کے حالات پیدا ہونے کا باعث بن سکتی ہے، پی ایم ڈی کی رپورٹ میں ان علاقوں میں بارش کی کمی اور مسلسل خشک دنوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔
 
			 
				
Comments are closed.