انٹرنیشنل ولیج آف گیسٹرونومی ، پاکستانی پویلین نے پیرس میں سب کا دل جیت لیا

پیرس فوڈ فیسٹیول میں پاکستان کے روایتی کھانوں کی دھوم ، بریانی، کباب اور جلیبی توجہ کا مرکز

انٹرنیشنل ولیج آف گیسٹرونومی ، پاکستانی پویلین نے پیرس میں سب کا دل جیت لیا

پیرس

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دنیا بھر کے کھانوں کا رنگا رنگ میلہ جاری ہے جس میں پاکستانی پویلین نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ پاکستانی کھانوں کی خوشبو اور ذائقوں نے نہ صرف زائرین کو اپنی جانب کھینچا بلکہ پاکستان کی ثقافت و روایت کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے صدر و بانی “این لاور ڈیس کامبن” کی دعوت پر انٹرنیشنل ولیج آف گیسٹرونومی پیرس کا دورہ کیا۔ یہ 2016 کے بعد پیرس میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی فوڈ فیسٹیول تقریبات میں شمار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک کی کھانے کی روایات کو منانا ہے۔

پاکستان پویلین کا افتتاح کرتے ہوئے سفیر بلوچ نے پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور کھانوں کی انفرادیت کو اجاگر کیا اور اس روایت کو سراہا کہ دنیا بھر کے ذائقے اور ثقافتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کی شرکت، سفارتخانۂ پاکستان کی عوامی سفارت کاری کے اقدامات کا حصہ ہے تاکہ فرانسیسی عوام اور دنیا بھر میں پاکستانی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔

پاکستانی پویلین میں چکن بریانی، چنا چاٹ، چکن سیخ کباب، سبزی کے سموسے، گلاب جامن، جلیبی، مشہور مشروب روح افزا اور آم کا رس خصوصی کشش کا باعث بنے۔ کھانے کے شوقین افراد نے نہ صرف ان ذائقوں سے لطف اٹھایا بلکہ کھانوں کی ترکیب اور پکانے کے طریقوں میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

میلے میں اس بار تقریباً 62 ممالک اور فرانسیسی خطے شریک ہیں، جبکہ چار روزہ اس ایونٹ میں روزانہ 10 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔

سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کی ٹیم کی انتھک محنت اور جذبے کو بھی سراہا جس نے پاکستانی پویلین کو کامیابی سے منظم کیا۔

Comments are closed.