ترکیہ اسکالرشپ 2025 : 166 پاکستانی طلبہ کی روانگی، ترک سفیر کا تعلیم پر زور ، تعلیم دوطرفہ تعلقات کا ستون قرار

 ترکیہ اسکالرشپ 2025 ، 166 پاکستانی طلبہ کی روانگی، ترک سفیر کا تعلیم پر زور ، تعلیم دوطرفہ تعلقات کا ستون قرار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

پاکستان سے ریکارڈ 166 طلبہ ترکیہ حکومت کی اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، جسے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے تعلیمی و ثقافتی تعلقات کی عملی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ترکیہ کے سفارت خانے میں ایک پروقار اوریئنٹیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو نے تعلیم کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کی سب سے مضبوط کڑی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تقریباً 30 ہزار پاکستانی طلبہ ترکیہ اسکالرشپ کے لیے درخواست دیتے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ اس سال ریکارڈ تعداد میں پاکستانی طلبہ انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ سطح پر مکمل فنڈڈ اسکالرشپ حاصل کر کے ترکیہ جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ترکیہ میں فی الوقت تقریباً پانچ ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں لیکن یہ تعداد دونوں برادر ممالک کے گہرے تعلقات کی مکمل عکاسی نہیں کرتی۔ آئندہ برسوں میں اس میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم دراصل اقوام کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتی ہے اور ترکیہ پاکستانی نوجوانوں کی ہر میدان میں معاونت جاری رکھے گا کیونکہ تعلیمی تعاون دراصل ہمارے مشترکہ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اکتوبر اور نومبر میں 200 نمایاں پاکستانی طلبہ کا ترکیہ کا خصوصی ثقافتی دورہ بھی منعقد کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔

اس موقع پر ترکیہ کے سفارت خانے کے ایجوکیشن کاؤنسلر ڈاکٹر مہمت طوفان نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کو دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور شرح خواندگی بڑھانے کے لیے ایک کلیدی عنصر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتا ہے اور پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیم تک رسائی اور مواقع کی فراہمی میں ہمیشہ تعاون کرتا رہے گا۔

ڈاکٹر طوفان نے بتایا کہ YTB اسکالرشپ کے ساتھ ساتھ پاکستانی طلبہ کو TÜBİTAK، دیانت اور IHH جیسے اداروں کی جانب سے بھی اسکالرشپس دی جا رہی ہیں جن کے ذریعے سائنسی، سماجی اور دینی علوم میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر ایجوکیشن کاؤنسلر کے دفتر کے سیکریٹری ڈاکٹر طاہر شاہ نے طلبہ کے لیے ترکیہ میں تعلیمی زندگی سے متعلق ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی جس میں رہائش، کلچر، قوانین، اور تعلیمی نظام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں طلبہ کو ان کے اہم سوالات کے جوابات دیے گئے اور انہیں نئے تعلیمی سفر کے لیے مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔

Comments are closed.