آزاد کشمیر میں مزید دو وزراء مستعفی، اتحادی حکومت پر دباؤ میں اضافہ

آزاد کشمیر میں مزید دو وزراء مستعفی، اتحادی حکومت پر دباؤ میں اضافہ

مظفرآباد

آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں مزید دو وزراء نے اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مستعفی ہونے والوں میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان اور وزیر خوراک چودھری اکبر ابراہیم شامل ہیں، جنہوں نے اتحادی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان دونوں وزراء کی جانب سے آج ایک اہم پریس کانفرنس کیے جانے کا امکان ہے جس میں وہ اپنے فیصلے کی وجوہات عوام کے سامنے رکھیں گے۔

اس سے قبل ایک اور وزیر پہلے ہی حکومت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں، جس کے بعد مستعفی وزراء کی مجموعی تعداد تین ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق استعفوں کی اصل وجہ مہاجرین ممبران اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر جاری تنازع ہے، جس کے خلاف جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے واضح مخالفت اختیار کی ہے۔ اسی تنازع کے حل کے لیے چند روز قبل وفاقی وزراء اور ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے تھے تاہم کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ میں 20 وزراء اور مشیران شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا، جبکہ اتنی ہی تعداد میں سیکرٹریز رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں یہ ڈھانچہ غیر یقینی کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ استعفے حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتے ہیں اور اگر مزید وزراء نے بھی اسی راہ پر قدم رکھا تو اتحادی حکومت کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ حکومت کی جانب سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Comments are closed.