ایس ایچ او فواد خالد کی قیادت میں لوہی بھیر میں امن قائم، جرائم پیشہ عناصر کا ناطقہ بند

ایس ایچ او فواد خالد کی قیادت میں لوہی بھیر میں امن قائم، جرائم پیشہ عناصر کا ناطقہ بند

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے ایس ایچ او فواد خالد نے جرات مندانہ اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کو خوف، دہشت اور بے چینی کی فضا سے نجات دلائی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کئی خطرناک مجرمان علاقے چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

ایس ایچ او فواد خالد کی براہ راست نگرانی میں پولیس نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز، ناکہ بندیاں اور خفیہ اطلاعات پر مبنی چھاپے مارے جن کے نتیجے میں منشیات، غیر قانونی اسلحہ، اور چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں کئی ایسے افراد شامل ہیں جو طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

اہل علاقہ نے پولیس کی ان کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب لوہی بھیر کی گلیوں اور بازاروں میں پہلے جیسا خوف نہیں رہا، رات کے وقت نقل و حرکت میں بھی بہتری آئی ہے۔ شہریوں نے ایس ایچ او فواد خالد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کردار کو “امن کا ضامن” قرار دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی تسلسل سے جاری رہیں گی تاکہ علاقے کو مستقل طور پر جرائم سے پاک کیا جا سکے اور عوام کو پرامن، محفوظ اور خوشحال ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.