ٹرمپ کی قیادت میں عالمی امن کی کوششیں قابل تحسین، پاک بھارت جنگ بندی میں کردار اہم ، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات ، پاک امریکا تعلقات میں نئی پیش رفت

ٹرمپ کی قیادت میں عالمی امن کی کوششیں قابل تحسین، پاک بھارت جنگ بندی میں کردار اہم ، شہباز شریف

نیویارک

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو پاکستان اور امریکا کے بہتر تعلقات کے لیے نہایت اہم اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ عالمی امن کے خواہاں ہیں اور انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔

شہباز شریف نے نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان میں آئی ٹی زراعت معدنیات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور صدر ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں فوری سرمایہ کاری کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے اور معدنیات کی قیمتوں کا تعین شفاف بنیادوں پر کیا جائے گا ، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ان کا جس طرح پرجوش استقبال کیا گیا ، وہ گزشتہ چالیس برس میں کبھی نہیں دیکھا گیا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارتی عزائم کو دانشمندی سے ناکام بنایا اور دس مئی کو امریکی وزیر خارجہ کے ذریعے بھارت کا پیغام موصول ہوا جس کے بعد جنگ بندی ممکن ہوئی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں حالات اب بہتر ہو چکے ہیں مہنگائی جو چند سال قبل بلند ترین سطح پر تھی وہ ڈیڑھ سال میں کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات میں بھی روز بروز بہتری آ رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا ۔

اس موقع پر شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا اور کہا کہ ٹرمپ دنیا بھر میں امن قائم کرنے کے لیے مخلص ہیں اور ان کی کوششوں کی بدولت جنوبی ایشیا ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا ۔

وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ان کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، وزیراعظم آفس کے مطابق یہ ملاقات وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ایک خوشگوار ماحول میں ہوئی جو ایک گھنٹہ بیس منٹ تک جاری رہی ، ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے، ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی دہشت گردی کے خلاف تعاون اور سیکیورٹی و انٹیلیجنس کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی جس میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ، شہباز شریف نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل نکالے ، انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک خصوصاً پاکستان کے لیے اضافی مالی امداد کی تجویز بھی پیش کی ۔

جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد وزیراعظم کی چینی ہم منصب لی چیانگ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں چینی وزیراعظم نے شہباز شریف کی تقریر کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور معاشی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا

Comments are closed.