ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اہلیہ کی خواتین پر تشدد کی ویڈیو وائرل ، وزیراعظم کا فوری ایکشن، عہدے سے برطرفی

ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اہلیہ کی خواتین پر تشدد کی ویڈیو وائرل ، وزیراعظم کا فوری ایکشن، عہدے سے برطرفی

ملتان میں موٹرسائیکل سوار خاتون پر بہیمانہ تشدد ، تینوں ملزمان گرفتار، ضمانت پر رہا

ملتان

شمشاد مانگٹ

ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان خورشید کی اہلیہ زاہدہ خورشید کی جانب سے ایک موٹرسائیکل سوار خاتون اور ان کی بیٹی پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ زاہدہ خورشید اپنے بیٹے اور بہن کے ساتھ مل کر خاتون میمونہ، ان کی بیٹی اور داماد پر تشدد کر رہی ہیں۔ یہ واقعہ 16 اگست کو گالف کلب، گارڈن ٹاؤن، ملتان کے قریب پیش آیا، جہاں بائیک اور کار کے معمولی تصادم کے بعد بات بگڑ گئی۔

میمونہ اپنی بیٹی کو داماد کے ہمراہ بائیک پر گھر چھوڑنے جا رہی تھیں کہ ان کی اسکوٹی غلطی سے زاہدہ خورشید کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس معمولی حادثے پر زاہدہ خورشید نے طیش میں آ کر نہ صرف تلخ کلامی کی بلکہ اپنے بیٹے اور بہن کے ساتھ مل کر متاثرہ خاتون، ان کی بیٹی اور داماد پر ہاتھ اٹھایا۔

ملتان کینٹ پولیس نے واقعے کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے 17 اگست کو مقدمہ درج کیا۔ تحقیقات کے بعد تینوں افراد (زاہدہ خورشید، ان کی بہن اور بیٹے) کو گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ایک، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے فوری بعد ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان خورشید کی برطرفی کی ہدایت جاری کی اور صدرِ پاکستان کو بھی سفارش بھیجی کہ ایسے عناصر کو حکومتی عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

Comments are closed.