آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی: حارث رؤف پر 2 میچز کی پابندی، بھارتی کپتان پر 30 فیصد جرمانہ
اسلام آباد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ 2025 میں پاک- بھارت میچز کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق فیصلہ سنا دیا، جس کے تحت پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر میچ فیس کا 30، 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلامیے کے مطابق حارث رؤف کو 24 ماہ میں دوبارہ آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جس پر انہیں ایک بار پھر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور 2 اضافی ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے، اس طرح ان پر اب 2 میچ کھیلنے پر پابندی ہوگی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے ارکان نے یہ سماعتیں پاکستان اور بھارت کے درمیان 14، 21 اور 28 ستمبر کو کھیلے گئے میچز کے دوران پیش آنے والے واقعات پر کیں۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ 2025 کے 14 ستمبر کو کھیلے گئے میچ کے حوالے سے سماعت میچ ریفری رچی رچرڈسن نےکی، جس میں رچی رچرڈسن نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی ( ایسا طرزِ عمل جو کھیل کی بدنامی کا باعث بنے) کا مرتکب پایا اور انہیں میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور 2 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے۔
اسی میچ میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحب زادہ فرحان کو بھی آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور انہیں آفیشل وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

Comments are closed.