پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے ، وزیراعظم
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے، افغان طالبان رجیم سے مسلسل کہا جا رہا ہے کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو لگام دے، 40 سال افغانوں کی مہمان نوازی کاصلہ آج دنیا دیکھ رہی ہے، دہشت گردوں کولگام دیں ہم آپ کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں۔
قومی اسمبلی سے 27ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام کا خواب 19 سال بعد پورا ہوا، میثاق جمہوریت میں بھی آئینی عدالت کا ذکر تھا جبکہ اختلاف کرنا اپوزیشن کاحق ہے جس کا ہم احترام کرتے ہیں لیکن دشنام طرازی اورگالم گلوچ سے ہٹ کر ہمیں ملکر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے مکمل اتفاق ہے کہ صوبے مضبوط ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا، وہ تمام امور جن سے وفاق مضبوط ہوگا میں اس کا حامی ہوں، ایوان نے آج یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، تمام ارکان کا دلی مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد بلاول بھٹو کی قیادت نے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا، پاکستان نے داخلی محاذ کے ساتھ ساتھ خارجہ محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی، پاکستان کا وقارعالمی سطح پر بلندہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جرأت مندانہ فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان کا دنیا میں مقام بلند ہوا، پاکستان کو عسکری اور سفارتی محاذ پر جو عزت ملی اس کی مثال نہیں ملتی۔

Comments are closed.