وطن واپس آ کر پہلی اور آخری ترجیح معیشت کی بحالی ہے،نواز شریف

لندن ( زورآور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ وطن واپسی پر میری پہلی اور آخری ترجیح معیشت کی بحالی ہے، ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں ن لیگ برطانیہ اور یورپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملک کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، عوام ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں گے اور پاکستان کو معاشی بدحالی، مہنگائی و بیروزگاری سے نکالیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے وہ سرمایہ کاری سے ملکی صنعت و انڈسٹریز کو پھر سے چلانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں کیوں کہ پاکستان کو معاشی میدان میں مستحکم کرنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن مین ان کے دفتر میں صحافیوں نے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج دفتر میں آخری روز ہے پھر روانہ ہوجاؤں گا، میرے حق میں اور میرے خلاف لکھنے والے تمام صحافیوں کا شکر گزار ہوں، معاشرے میں صحافت کا اہم مقام ہے عوام صحافیوں کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں، غیبت، چغلی اور بہتان بازی سے صحافیوں کو پرہیز کرنا چاہیئے، تنقید برائے تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیئے، مریم اورنگزیب سمیت دیگر خواتین کا لندن میں گھیراؤ کیا گیا، یہاں مظاہروں سے 4 سال میں کیا فائدہ ہوا، مظاہرہ کرنا ہے تو پاکستان میں جاکر کریں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی آمد کا بار بار سوال نہیں پوچھنا چاہئیے، اب یہ سوال بار بار نہیں پوچھنا چاہئیے کہ نوازشریف آ رہے ہیں یا نہیں، اللہ کو منظور ہوا تو نوازشریف 21 اکتوبر کو واپس آ رہے ہیں، ہمارے لیے آسان تھا سیاست کی خاطر ریاست کو ڈبو دیتے، پی ٹی آئی حکومت نے ذاتی مقاصد کے لیے ریاست کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ایک طرف معاشی بدحالی تو دوسری طرف دھرنے اور لانگ مارچ تھے، 16 ماہ کی حکومت میں دھرنوں اور سیلاب جیسے چیلنجز درپیش تھے، 9 مئی کو ملک اور افواجِ پاکستان کے خلاف بغاوت ہوئی، ذاتی مقاصد کے لیے ریاست کو تباہ کرنے کا کھیل کھیلا گیا۔

 

 

Comments are closed.