نیو یارک (زورآور نیوز) نگران وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمارا بنیادی ہدف پاکستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی نے غیر ملکی میڈیا کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں اضافہ ہوا،معاشی استحکام سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔خلیجی ممالک پاکستان کے بڑے شرکت دار ہیں،مختلف شعبوں میں سرمایہ کار کیلئے خلیجی ممالک سے معاہدے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جا رہی ہیں،خصوصی سرمایہ کاری کا بڑا ہدف عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔ نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست ہے،چین نے سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت اور ریلوے کے شعبے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں،افغانستان اپنی سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال نہ کرنے کو یقینی بنائے۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں پولیو کے خاتمے اور غذائیت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا کہ رواں سال ملک کے ہر علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنا ممکن ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نگران حکومت اور نیشنل پولیو ٹاسک فورس ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور صحت کی سہولت عوام تک پہنچانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔
Comments are closed.