ریسکیو 1122 مہمند کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس – خدمات میں بہتری کیلئے اہم فیصلے

ریسکیو 1122 مہمند کی جانب سے ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس 22 اپریل 2025 کو ضلعی دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد نے کی۔ اجلاس میں ایڈمن اسٹاف، تمام ریسکیو اسٹیشنز کے اسٹیشن ہاؤس انچارجز اور کنٹرول روم انچارج نے شرکت کی۔

انجینئر خالق داد نے اپنے خطاب میں ریسکیو 1122 کے مشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کا مقصد بلا امتیاز، بین الاقوامی معیار کی ایمرجنسی سروس فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن ہو یا رات، ہماری اولین ترجیح کسی بھی ایمرجنسی کال پر کم سے کم وقت میں رسپانس دیتے ہوئے انسانی جانوں کا تحفظ اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ریسکیو 1122 اس مشن میں بڑی حد تک کامیاب رہی ہے اور ہم اپنی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔

اجلاس میں ضلع مہمند میں معیاری ریسکیو سروس کی فراہمی کے دوران درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں تاکہ ریسکیو مہمند کی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام اسٹیشن انچارجز، کنٹرول روم اسٹاف، کی پوائنٹس کے اہلکار اور ہسپتال اسٹاف اپنی کارکردگی، ڈسپلن اور یونیفارم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ انہوں نے فائر وہیکلز اور ایمبولینسز کی روزانہ صفائی، بروقت مرمت و نگہداشت کی رپورٹنگ، بہترین ایمرجنسی رسپانس ٹائم کو برقرار رکھنے، ایمرجنسی لائن کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے، اور گاڑیوں و کنٹرول روم کے مابین موثر رابطے پر خصوصی زور دیا۔

آخر میں، انجینئر خالق داد نے تمام اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں اور نظم و ضبط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 مہمند کی ٹیمیں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

Comments are closed.