مارگلہ ہلز کی تمام ہائکنگ ٹریلز شہریوں کے لیے دوبارہ کھول دی گئیں

مارگلہ ہلز کی تمام ہائکنگ ٹریلز شہریوں کے لیے دوبارہ کھول دی گئیں

بارشوں کے بعد موسم بہتر، شہری ہائکنگ کے لیے مارگلہ ٹریلز کا رخ کر سکتے ہیں، ڈی سی اسلام آباد

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

مارگلہ ہلز اور دیگر قدرتی مقامات پر ہائکنگ کے شوقین شہریوں کے لیے خوشخبری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے موسم بہتر ہونے کے بعد شہر کی تمام ہائکنگ ٹریلز کو آج سے عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت مارگلہ ہلز سمیت تمام ہائکنگ ٹریلز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا، جس کے بعد ٹریلز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق شہری مارگلہ ہلز سمیت تمام ٹریلز پر ہائکنگ کے لیے جا سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ فطری ماحول کا احترام کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں۔

واضح رہے مارگلہ ہلز اسلام آباد کی خوبصورتی اور سیاحت کا ایک اہم مرکز ہیں، اور ان کا دوبارہ کھلنا شہریوں اور سیاحوں کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کو شہریوں نے سراہا ہے۔

Comments are closed.