ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی وینٹی لیٹر پر منتقل، آئینی ترمیم کیلئے ووٹ کاسٹ نہ کر سکنے کا امکان

اسلام آباد
ولی الرحمن
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی شدید علالت کے باعث 27ویں آئینی ترمیم کے لیے ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عرفان صدیقی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ آکسیجن سپورٹ پر ہیں اور ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عرفان صدیقی کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی جا رہی ہے، تاہم ان کے ایوانِ بالا کے اجلاس میں شریک ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عرفان صدیقی کی غیر حاضری کے باوجود آئینی ترمیم کے لیے درکار دو تہائی اکثریت مکمل ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے پاس اس وقت 64 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جو 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے درکار تعداد ہے۔
یاد رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کا بل پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں — بالخصوص جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومت کا موقف ہے کہ ترمیم عدالتی اختیارات کے توازن اور آئینی عمل کی اصلاح کے لیے ضروری ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق عرفان صدیقی جیسے سینئر سینیٹر کی غیر حاضری پارلیمانی حکمتِ عملی پر اثر ڈال سکتی ہے، اگرچہ حکومت نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ترمیم کی منظوری میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
Comments are closed.