پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج ، مبینہ ہلاکتوں پر دائر پرائیویٹ کمپلینٹ ایک سال سے التوا کا شکار، سماعت بغیر کارروائی 8 جنوری تک ملتوی
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
پی ٹی آئی کے 26 نومبر 2022 کے احتجاج کے دوران ہونے والی مبینہ ہلاکتوں اور زخمیوں کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ اور دیگر حکومتی شخصیات کے خلاف دائر پرائیویٹ کمپلینٹ ایک سال گزر جانے کے باوجود بھی آگے نہ بڑھ سکی۔
قانونی ریکارڈ کے مطابق نومبر 2024 سے نومبر 2025 تک پورے ایک سال کے دوران اس کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ گزشتہ سماعت میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں پیش تو ہوئے، تاہم نہ تو ان کا بیان ریکارڈ ہوسکا اور نہ ہی ان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں حاضر ہوئے۔
سماعت کے دوران کارروائی آگے نہ بڑھ سکنے پر عدالت نے معاملہ بغیر کسی پیش رفت کے 8 جنوری تک ملتوی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کیس کے مسلسل التوا نے متاثرہ خاندانوں اور درخواست گزاروں میں تشویش بڑھا دی ہے، جبکہ قانونی ماہرین بھی اس تاخیر کو غیر معمولی قرار دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ احتجاج کے دوران ہونے والی مبینہ ہلاکتوں کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو رہے۔ دوسری جانب حکومتی شخصیات اس کیس کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کرتی آئی ہیں۔
عدالتی کارروائی اب 8 جنوری کو دوبارہ ہوگی جس میں بیرسٹر گوہر کا بیان ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
Comments are closed.