لاہور میں لیڈی کانسٹیبل عائشہ ریاض کے مبینہ اغواء کے معاملے پر پولیس نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق مدعیہ (والدہ) کی درخواست پر مقدمہ نمبر 720/26 درج کر لیا گیا ہے، جس میں اغواء کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ یہ مقدمہ قلعہ گجر سنگھ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔
ایس پی سول لائنز کے مطابق واقعے کی حساسیت کے پیش نظر ایس ڈی پی او سول لائنز کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو مغویہ کی بازیابی کے لیے سرگرم عمل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مدعیہ کی فراہم کردہ معلومات اور نشاندہی کی روشنی میں ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق لیڈی کانسٹیبل عائشہ ریاض 11 اپریل کو ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے کے باعث لاپتہ قرار دی گئیں، جس کے بعد اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے بتایا کہ مغویہ کی جلد بازیابی کے لیے انویسٹی گیشن کو مزید وسعت دی گئی ہے اور تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور جلد پیش رفت متوقع ہے۔

Comments are closed.