اسلام آباد میں جعلی دودھ تیار کرنے والا بڑا یونٹ بے نقاب ، 6 ہزار لیٹر ناقص دودھ موقع پر تلف
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے سوہان کے علاقے میں جعلی دودھ تیار کرنے والا ایک بڑا یونٹ بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے جدید سائنسی آلات کی مدد سے انسپکشن کا عمل مکمل کیا اور موقع پر موجود چھ ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ تین سو کلو ملاوٹی مواد بھی برآمد ہوا جسے فوری طور پر ضائع کر دیا گیا۔
یونٹ کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے یہ کارروائی عوامی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر کی گئی تاکہ ناقص اور مضر صحت دودھ کی فروخت کو ہر ممکن طریقے سے روکا جا سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا ہے کہ شہر میں دودھ کے نام پر ناقص اور خطرناک اجزاء سے بنی اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری کسی بھی مشکوک ڈیری یونٹ، ملک شاپ یا گھر میں قائم دودھ تیار کرنے والے مراکز کی فوری نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت قانونی کارروائی کی جا سکے۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے واضح کیا کہ شہریوں کے تعاون سے اسلام آباد میں مضر صحت دودھ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ جعلی دودھ کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.