آرڈی اے کی یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹوں اور فائلوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد
آر ڈی اے تمام مسائل کے حل کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ڈی جی کنزہ مرتضیٰ
راولپنڈی
شمشاد مانگٹ
ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر ڈی اے) کنزہ مرتضیٰ نے یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کا دورہ کیا اور غیر مجاز اور نامکمل ترقیاتی کاموں کے باعث فوری طور پر اس سکیم میں پلاٹوں اور فائلوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی۔
دورے کے دوران بلاکس A، B، C، E، اور F کا معائنہ کیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے نے سڑکوں کی خراب حالت، تجاوزات، داخلی دروازے کی ٹوٹ پھوٹ، عزیز خان روڈ کی زبوں حالی اور دیگر پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران منعقدہ اجلاس میں رہائشیوں اور شکایت کنندگان نے متعدد شہری مسائل کی نشاندہی کی، جن میں سانپوں اور مچھروں کی بہتات، پانی کی قلت، غیر ہموار گلیاں، بجلی کی کم وولٹیج، کھلے مین ہولز، غیر محفوظ وائرنگ، لمبی گھاس سے ڈینگی کا خطرہ، اور ناقص سیوریج نظام شامل تھے۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے رہائشیوں اور الاٹیوں کو یقین دلایا کہ آر ڈی اے ان تمام مسائل کے حل کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طور پر مساجد، پارکس، کھیل کے میدانوں اور سکولز کے لیے مختص اراضی کو ڈویلپر سے واگزار کرایا جائے اورلے آءوٹ پلان کو تجاوزات سے پاک کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سکیم کے سپانسر ز کو کوئی نیا یا ترمیم شدہ نقشہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی قانونی کارروائی، بشمول گرفتاری اور نااہلی، پر غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں رہائشی نمائندگان، کور کمیٹی، آر ڈی اے کے افسران جن میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ، ڈائریکٹر انجینئرنگ، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، انسپکٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ حکام شامل تھے۔
آر ڈی اے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام ہاؤسنگ سکیمز کو قانونی دائرہ کار کے تحت چلانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
Comments are closed.