27ویں ترمیم پر غور کیلئے بلایا گیا کابینہ اجلاس نامعلوم وجوہات کی بنا پر مؤخر
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
آئین میں مجوزہ 27ویں ترمیم پر مشاورت کے لیے وفاقی کابینہ کا آج طلب کیا گیا اجلاس ملتوی کردیا گیا، اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح پونے 10 بجے طلب کیا تھا، جس میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کی جانی تھی، تاہم اب اس اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، وفاقی کابینہ کا اجلاس ری شیڈول کرنے سے متعلق کابینہ ارکان کو آگاہ کردیا گیا، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے 27ویں ترمیم پر تحفظات کے سبب کابینہ اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی اتحادی پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے گزشتہ روز مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر طویل غور و خوض کے بعد مسلح افواج سے متعلق آرٹیکل 243 کے علاوہ 27ویں آئینی ترمیم کی تمام شقوں کو مسترد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت کی مجوزہ آئینی ترامیم پر بات چیت جمعہ کو بھی جاری رہے گی، لیکن پیپلز پارٹی صوبوں کے مالیاتی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔

Comments are closed.