باتسلیمات ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت پنجاب اٹک

اٹک: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول اجلاس منعقد

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول سے متعلقہ پیرا فورسز اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں کے استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ رمضان المبارک میں کسی بھی صورت آٹا، چینی اور دیگر اشیائے خورونوش کی ذخیرہ اندوزی یا شارٹیج برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء فروخت کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ مجسٹریٹس اور پیرا فورسز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران کسی قسم کی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہو سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے پرائس کنٹرول قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی۔

Comments are closed.