وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اسلام آباد کا دورہ ، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار
بزنس فیسلیٹیشن سینٹر “ایز آف ڈوئنگ بزنس” کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ، وفاقی وزیر
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے آج اسلام آباد میں قائم بزنس فیسلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی ) کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں مرکز کی کارکردگی، دستیاب سہولیات، اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی خدمات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیر قیصر احمد شیخ نے بی ایف سی کے عملے کی پیشہ ورانہ خدمات، مہارت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کا مؤثر حل فراہم کر رہا ہے اور حکومت کے وژن کے مطابق کاروباری ماحول کو سازگار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کے آغاز کو آسان بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت کیے گئے اقدامات میں بی ایف سی ایک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں مختلف محکموں کی خدمات ایک چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ سرمایہ کاروں کو بروقت، مؤثر اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں تاکہ ملک میں اعتماد کی فضا قائم ہو اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے۔
دورے کے اختتام پر وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور بی ایف سی کی مشترکہ کاوشیں پاکستان کو ایک سرمایہ کار دوست ملک کے طور پر عالمی سطح پر روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
یہ دورہ نہ صرف بورڈ آف انویسٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہنے کا مظہر تھا بلکہ مستقبل میں سرمایہ کاری کو مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنانے کے حکومتی عزم کی بھی عملی مثال ہے۔
Comments are closed.