ایچ پی وی ویکسین سے متعلق پہلی قومی میڈیا راؤنڈ ٹیبل، مہم کی کامیابی میں میڈیا کا کردار اجاگر

ایچ پی وی ویکسین سے متعلق پہلی قومی میڈیا راؤنڈ ٹیبل، مہم کی کامیابی میں میڈیا کا کردار اجاگر

سرویکل کینسر سے بچاؤ، ڈوپاسی فاؤنڈیشن کا میڈیا کے ساتھ مشاورتی اجلاس، حقائق پر مبنی رپورٹنگ پر زور

میڈیا ایک طاقتور آواز ہے ، ایچ پی او ویکسین پر ابہام دور کرنے میں صحافیوں کا کردار اہم قرار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ایچ پی وی ویکسین سے متعلق آگاہی کے لیے ڈوپاسی فاؤنڈیشن کا میڈیا راؤنڈ ٹیبل، مہم کی کامیابی میں میڈیا کو کلیدی کردار سونپ دیا گیا

پاکستان میں پہلی بار قومی سطح پر شروع ہونے والی سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے تناظر میں ڈوپاسی فاؤنڈیشن نے اسلام آباد میں ایک میڈیا راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے سینئر صحافیوں کو اس اہم عوامی صحت اقدام سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

اس مشاورتی اجلاس میں سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین صحت، صحافیوں، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے میڈیا کے اس مؤثر کردار پر اتفاق کیا کہ وہ ویکسین سے متعلق ابہام، افواہوں، اور غلط معلومات کے خاتمے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ HPV ویکسینیشن مہم کی کامیابی کا انحصار صرف حکومت یا صحت کے اداروں پر نہیں بلکہ میڈیا اور کمیونٹی کی شمولیت پر بھی ہے۔ ویکسین کے تحفظ اور اس کی افادیت کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا صحافتی اخلاقیات اور سماجی ذمے داری کا حصہ ہے ۔

مینیئن ڈینیئلز کی ڈیولپمنٹ جرنلسٹ ہما خاور نے کہا صحافی برادری ویکسینیشن سے متعلق افواہوں کو ختم کرنے میں ایک طاقتور آواز ہے۔ پاکستان میں 73 ملین سے زائد خواتین کو سرویکل کینسر کا خطرہ ہے، اس لیے درست بیانیے کی تشکیل ناگزیر ہے۔

سوسائٹی آف اوبسٹیٹریشینز اینڈ گائناکالوجسٹ آف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر صائمہ زبیر نے کہا کہ بابائے قوم نے کہا تھا کہ خواتین کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ ایچ پی وی ویکسینیشن خواتین کی صحت کے تحفظ کی جانب ایک تاریخی قدم ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سرویکل کینسر پاکستان میں خواتین میں دوسرا سب سے عام کینسر ہے اورایچ پی وی ویکسین وقت کی ضرورت ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی HPV ویکسین کنسلٹنٹ ڈاکٹر روزینہ خالد نے کہا کہ یہ ویکسین برسوں کی سائنسی تحقیق اور عالمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ جب اسے پاکستان کے بنیادی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام (ای پی آئی ) میں شامل کر لیا جائے گا تو یہ ایک پائیدار عوامی صحت اقدام بن جائے گا ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے کہا کہ مقامی سطح پر کامیابی کے لیے میڈیا کو ساتھ ملانا خوش آئند قدم ہے۔ صحافیوں کی مدد سے ہم کمیونٹیز میں شعور بیدار کر سکتے ہیں اور اس مہم کو کامیاب بنا سکتے ہیں ۔

ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے  کنز الایمان نے کہا کمیونٹی تنظیمیں، خاندانوں کو متحرک کرنے، اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے اور ایچ پی وی سی ای او ویکسین کے بارے میں اعتماد پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں ۔

میڈیا راؤنڈ ٹیبل میں شریک صحافیوں نے سیشن کو معلوماتی بروقت اور قابلِ عمل قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے عوام کو درست اور سائنسی معلومات فراہم کریں گے تاکہ مہم کی کامیابی یقینی بنائی جا سکے ۔

Comments are closed.