ادارے کے وسیع تر مفاد میں سی بی اے یونین کے ساتھ باضابطہ اجلاس منعقد کر کے اعتماد میں لیا جائے

ادارے کے وسیع تر مفاد میں سی بی اے یونین کے ساتھ باضابطہ اجلاس منعقد کر کے اعتماد میں لیا جائے۔ چوہدری محمد یٰسین
سی بی اے کمیٹی فائربریگیڈکے آفس کا افتتاح،ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم۔
فائر بریگیڈ ڈائریکٹوریٹ کے زیرِ اہتمام سی بی اے کمیٹی فائر بریگیڈ کے نئے آفس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران، مختلف سی بی اے کمیٹیوں کے نمائندگان اور سی ڈی اے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تنظیم کی مضبوطی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کا بنیادی مشن بلا تفریق ملازمین کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے اور انہی کاوشوں کی بدولت اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ملازمین نے یونین کو پانچویں مرتبہ ریفرنڈم میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یونین نے اپنے ادوار میں ملازمین کو متعدد مراعات دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے اور سی ڈی اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ادارے کے وسیع تر مفاد میں سی بی اے یونین کے ساتھ باضابطہ اجلاس منعقد کر کے اعتماد میں لیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو اور باہمی مشاورت سے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

Comments are closed.