اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا شہر بھر میں بڑا کریک ڈاؤن، غیر معیاری خوراک پر 4 فوڈ پوائنٹس سیل، جرمانے و تنبیہات جاری

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا شہر بھر میں بڑا کریک ڈاؤن، غیر معیاری خوراک پر 4 فوڈ پوائنٹس سیل، جرمانے و تنبیہات جاری

صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائی، 59 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ، 95 ہزار روپے کے جرمانے، ناقص اشیاء تلف

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے شہر بھر میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 59 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ یہ کارروائیاں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی نگرانی میں کی گئیں۔

کارروائی کے دوران 48 فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات، فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز کی خلاف ورزی اور دیگر خامیوں پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ 4 فوڈ پوائنٹس کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ، 5 فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 95 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ معائنے کے دوران 80.83 کلوگرام/لیٹر ناقص اور غیر معیاری اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی ستھرائی اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.