اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن، 2 ہزار 340 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، ایک لاکھ 18 ہزار کے جرمانے

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن، 2 ہزار 340 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، ایک لاکھ 18 ہزار کے جرمانے

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت میں ملاوٹی دودھ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار 890 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی، جس میں سے 2 ہزار 340 لیٹر دودھ ملاوٹ شدہ ہونے پر تلف کر دیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہرہ صدیق کی خصوصی ہدایت پر علی الصبح این-5 میٹرو اسٹیشن نمبر 26 کے قریب ناکہ بندی کر کے کی گئی۔ دورانِ کارروائی 20 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 17 گاڑیاں معیار پر پورا اتریں جبکہ 3 کے سیمپل فیل ہو گئے۔

غیر معیاری دودھ فراہم کرنے پر ایک لاکھ 18 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف شدہ دودھ میں واضح طور پر ملاوٹ اور معیار کی کمی پائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دودھ کے معیار پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو محفوظ و غذائیت سے بھرپور دودھ کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ ناکہ بندی کے ذریعے غیر معیاری دودھ کی سپلائی ناکام بنائی گئی۔ ان کے مطابق ملاوٹی دودھ کا استعمال بچوں اور بزرگوں میں خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ صرف تصدیق شدہ ذرائع سے دودھ خریدیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دودھ کے معیار کو بہتر بنانے اور ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لیے دن رات کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ خوراک فراہم کی جا سکے۔

Comments are closed.