اسلام آباد ہائیکورٹ کا نانبائیوں کے خلاف تادیبی کارروائی نہ کرنے کا حکم، ڈپٹی کمشنر کو ایسوسی ایشن سے ملاقات کی ہدایت
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے روٹی اور نان کی قیمت کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 ستمبر بروز منگل نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کریں۔
روٹی اور نان کی قیمت مقرر کرنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، جس پر پیر کو جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔ نانبائی ایسوسی ایشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد آٹے اور گندم کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ ان کی بات سننے کو تیار نہیں۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نانبائیوں کو مہنگے داموں آٹا خریدنے کے باوجود پرانی قیمتوں پر روٹی فروخت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جو غیر منصفانہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ایسوسی ایشن کے خدشات سننے سے انکار کیا، جس کے بعد نانبائی برادری کو قانونی چارہ جوئی پر مجبور ہونا پڑا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری حکم میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نانبائیوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کرے اور ان کے تحفظات سننے کے لیے باقاعدہ ملاقات کا انعقاد کرے۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر 30 ستمبر کو نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے مذاکرات کریں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو مقرر کر دی۔
Comments are closed.