لاہور چیمبر آف کامرس اور پاک امریکن بزنس چیمبر شکاگو کی ملاقات : تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی نئی راہیں
لاہور
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں ابو ذرشاد سے پاک امریکن بزنس چیمبر آف کامرس شکاگو کے صدر نوید انور چوہدری کی ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں چیمبرز کے درمیان تعاون کے فروغ، پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات کی مزید استحکام اور نئے ٹیرف کے بعد پاکستانی ایکسپورٹس کے بڑھنے کے امکانات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
میاں ابو ذرشاد نے نوید انور چوہدری کو لاہور چیمبر کی اعزازی ممبر شپ دی اور چیمبر کی تاریخ اور خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر کا قیام پاکستان سے پہلے ہوا تھا اور یہ ہمیشہ تاجروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا رہا ہے۔ موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات بھی اس چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں۔
ملاقات میں نوید انور چوہدری نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بھارت پر پچاس فیصد اور پاکستان پر انیس فیصد ٹیرف لگانے کا فیصلہ پاکستانی تاجروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو اپنے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے اور معیاری مصنوعات کے ساتھ امریکہ کی مارکیٹ میں داخلہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔
نوید انور نے مزید کہا کہ امریکہ میں پاکستانی مصنوعات کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع ہیں، اور وہ اپنے چیمبر کے ذریعے پاکستانی تاجروں کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مدد فراہم کریں گے۔
اس موقع پر نوید انور چوہدری اور ان کے وفد کو لاہور چیمبر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا، جس سے دونوں چیمبرز کے درمیان روابط اور تجارت کے مزید فروغ کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
Comments are closed.