اسلام آباد میں جعلی دودھ بنانے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر کیمیکل ملا دودھ تلف
پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، متعدد افراد گرفتار، زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) نے تھانہ کھنہ کی حدود میں کیمیکل ملے دودھ تیار کرنے والے مافیا کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ کارروائی کے دوران ہزاروں لیٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن میں اسلام آباد پولیس، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (MCI) کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مختلف خفیہ فیکٹریوں میں دودھ کو گاڑھا کرنے اور طویل مدت تک محفوظ رکھنے کے لیے کیمیکل، ڈٹرجنٹ، اور دیگر مضر صحت اجزاء استعمال کیے جا رہے تھے۔ یہ جعلی دودھ مارکیٹ میں عام دودھ کے طور پر فروخت کیا جا رہا تھا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت اور خوراک کے تحفظ کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے، اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Comments are closed.