ملک ریاض نے پارک پر پلازہ بنوادیا

Malik Riaz

اسلام آباد (ظفر ملک) بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے عدالتی حکم کو روند کر بچوں کے پارک پر بھی پلازہ کھڑا کر دیا۔سی ڈی اے پر توہین عدالت تو لگ گئی مگر بچوں کا پارک نگل لیا گیا۔بحریہ ٹاؤن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد عارف نے زور اور ٹی وی پر شمشاد مانگٹ کے پروگرام “ہٹ سٹوری“میں تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ بحریہ ٹاؤن فیز فائیو کی گلی نمبر فائیو میں بچوں کے پارک کے لئے جگہ چھوڑی گئی تھی اور ہمیں کہا گیا کہ اس جگہ پر بچوں کے جھولے لگائے جائیں گے اور ایک مسجد تعمیر کی جائے گی لیکن مسجد تو تعمیر نہیں ہوئی البتہ وہاں پر ایک پلازہ کھڑا کر دیا گیااور ہم نے عدالت سے سٹے بھی لیا لیکن کسی نے عدالتی حکم کو مانا ہی نہیں اور پلازے کے علاوہ پارک کی آدھی جگہ پر موبائل کمپنیوں کے ٹاورز لگا دئیے گئے ۔

عدالت نے اب سی ڈی اے پر توہین عدالت لگائی ہے تو گذشتہ روز ایک نام نہاد آپریشن کیا گیا ۔اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد ہوتا تو وہ غیر قانونی پلازہ پہلے گرایا جاتا۔انہوں نے کہا کہ عمر کے ساتھ ساتھ ملک ریاض کی دولت کی ہوس بھی بہت بڑھ گئی ہے اور باپ سے زیادہ علی ریاض ملک کو دولت سے زیادہ محبت ہو گئی ہے ۔ملک ریاض نے رہائشیوں کی سہولت کے نام پر سکیورٹی ایجنسی بنا رکھی ہے حالانکہ یہ سکیورٹی ایجنسی بحریہ ٹاؤن کے مکینوں کی ہی پٹاہی کرتی ہے۔

بحریہ ٹاؤن کے مظالم کے خلاف میں نے ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں رٹ پٹیشن دائر کررکھی ہے کیونکہ رہائشیوں کو سہولتیں دینے کے نام پر ماہانہ کم و بیش 50 کروڑ روپے اکھٹے کئے جاتے ہیں لیکن نہ تو گھروں کی مینیٹینینس ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی دوسری بہتر سہولت مہیا کی جاتی ہے ۔اسی وجہ سے سکیورٹی گارڈوں کو ساتھ ملا کر میرے گھر کے باہر کھائی کھود دی گئی میرا پانی بند کر دیا گیا اور بجلی کی سہولت بھی چھین لی گئی اور اب ہائیکورٹ میں میری درخواست کی سماعت بھی نہیں ہونے دی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور عدالتیں ہمیں انصاف ضرور دیں گی ۔اور ہم آخری دم تک لڑیں گے

Comments are closed.