اسلام آباد میں فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کی لازمی رجسٹریشن کا آغاز

اسلام آباد میں فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کی لازمی رجسٹریشن کا آغاز، 30 نومبر تک مہلت ، یکم دسمبر سےغیررجسٹرڈ کاروبار بند کر دیے جائیں گے

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت میں تمام غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق، تمام فوڈ بزنسز کو 30 نومبر 2025 تک اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ یکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے مطابق، رجسٹریشن کے لیے کاروبار کے مالکان کو بزنس فسلیٹیشن سینٹر (G-7) یا اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ہیڈ آفس میں ذاتی طور پر آنا ہوگا۔
درخواست کے ساتھ دو عدد پاسپورٹ سائز تصاویر اور قومی شناختی کارڈ کی دو فوٹو کاپیاں جمع کرانا لازمی ہوں گی۔

رجسٹریشن کا عمل نہایت آسان قرار دیا گیا ہے — ایک سادہ فارم پُر کرنے کے بعد متعلقہ بزنس کی کیٹیگری طے کی جائے گی، جس کے مطابق چالان فیس مقرر ہو گی۔ فیس کی ادائیگی کے بعد فوڈ پوائنٹ یا ریسٹورنٹ کو باضابطہ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔

مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے لینڈ لائن نمبر 051-9108230 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کے مطابق، یکم دسمبر کے بعد کسی بھی غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹ یا ریسٹورنٹ کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے کاروبار سیل کیے جائیں گے اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے تمام ہوٹل، بیکری، کیفے اور فوڈ کارنر مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت یعنی 30 نومبر تک اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.