اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن، درجنوں مشکوک افراد حراست میں

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ اور کومنگ آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔

یہ کارروائیاں سید علی ناصر رضوی (آئی جی اسلام آباد) کے خصوصی احکامات پر عمل میں لائی جا رہی ہیں، جن کا مقصد شہر میں امن و امان کو مزید مؤثر بنانا اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہے۔

پولیس کے مطابق قاضی علی رضا (ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد) کی نگرانی میں زونل ایس پیز کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشنز کیے گئے۔

آپریشن کی تفصیلات:

سرچ آپریشن کے دوران:

  • 2,679 افراد کی چیکنگ کی گئی
  • 1,133 گھرانوں کی تلاشی لی گئی
  • 98 ہوٹلوں اور 338 دکانوں کو چیک کیا گیا
  • 958 موٹر سائیکلوں اور 356 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران:

  • 04 افغان شہریوں سمیت 88 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا
  • 74 موٹر سائیکلوں کو مزید جانچ کے لیے تھانوں میں منتقل کیا گیا

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ یہ سرچ آپریشنز ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں جاری رہیں گے تاکہ جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

شہریوں سے اپیل:

اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن “15” پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Comments are closed.