بھارت اور افغانستان کا تجارتی روابط مضبوط کرنے کیلئے ایئر کارگو آغاز کا منصوبہ
نئی دہلی
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان ایئر کارگو سروسز جلد شروع کی جائیں گی، دونوں ممالک پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں اپنے روابط دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان افغانستان کے طالبان کے وزیرِ تجارت نورالدین عزیزی کے نئی دہلی کے دورے کے دوران کیا گیا، جنہوں نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تجارت میں اضافہ کرے اور کارگو ہب قائم کرے، کیوں کہ کابل اناج، ادویات اور صنعتی سامان تک رسائی چاہتا ہے، جب کہ پاکستان کے ساتھ سرحد فوجی جھڑپوں کے بعد بند ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری آنند پرکاش نے کہا کہ کابل کے دہلی اور بھارتی شہر امرتسر کے ساتھ ایئر فریٹ کوریڈور ’فعال‘ کر دیے گئے ہیں، اور ان روٹس پر کارگو پروازیں ’بہت جلد‘ شروع ہوں گی۔
انہوں نے رائٹرز کو بھارت-افغانستان بزنس کانفرنس کے موقع پر بتایا کہ ہماری طرف سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں، ہم ان (افغان حکام) کی جانب سے تمام دستاویزات کا انتظار کر رہے ہیں، جیسے ہی وہ انہیں مکمل کر لیں گے، کارگو پروازیں شروع ہو جائیں گی۔

Comments are closed.