ملک بھر میں روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، ایک ہفتے میں حساس اشاریہ 0.49 فیصد بڑھ گیا

ملک بھر میں روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، ایک ہفتے میں حساس اشاریہ 0.49 فیصد بڑھ گیا

اسلام آباد

ولی الرحمن

ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق ایک ہفتے کےدوران ملک بھر میں روز مرہ استعمال کی 24 اشیا مہنگی ہوگئیں، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کےحوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں روزمرہ استعمال کی 24 اشیا مہنگی ہوگئیں، 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پرملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.57فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی ) سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 334.39پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.49فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.57فیصد زیادہ ہے ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 33.20فیصد، پیاز 8.70فیصد ، انڈے 2.18فیصد ، آٹا 1.42فیصد ، لہسن 0.85 فیصد ، آلو 0.71 فیصد، بناسپتی گھی 0.63فیصد ، ایک کلو بناستی گھی 0.56 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.40 فیصد، ایل پی جی 0.18 فیصد، واشنگ سوپ 0.08 فیصد اور شرٹنگ کی قیمت میں 0.07فیصد اضافہ ہوا ۔

اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 6.38 فیصد، کیلا 4.70 فیصد، دال چنا 2.20فیصد، پیٹرول 2.09 فیصد، ڈیزل 0.55 فیصد، باسمتی چاول 0.51 فیصد، دال مونگ 0.49 فیصد اور ایری چاول کی قیمت میں 0.03فیصد کی کمی ہوئی ۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 1.07فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ 17733 روپے سے لیکر 22888 روپے ، 22889 روپے سے لیکر 29517 روپے ، 29518 روپے سے لیکر 44175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.92فیصد ، 0.71فیصد ،0.59فیصد اور 0.29فیصد کا اضافہ ہوا ۔

Comments are closed.