رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.44 فیصد اضافہ، گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں نمایاں اضافہ

رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.44 فیصد اضافہ، گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد

ولی الرحمن

پاکستان کے ادارہ شماریات نے رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے دو مہینوں (جولائی اور اگست) میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.44 فیصد اضافہ رپورٹ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اگست 2024 کے مقابلے میں اگست 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.54 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ اس دوران گاڑیوں کی پیداوار میں 90.4 فیصد، ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں 44.47 فیصد اور فوڈ گروپ کی پیداوار میں 7.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جولائی اور اگست کے دوران ٹوبیکو کی پیداوار میں 11.06 فیصد، ملبوسات کی پیداوار میں 4.92 فیصد، لیدر کی پیداوار میں 2 فیصد، پیپر بورڈ کی پیداوار میں 8.41 فیصد اور ربڑ مصنوعات کی پیداوار میں 24.90 فیصد کا اضافہ ہوا۔ تاہم، مشینری اور آلات کی پیداوار 33.84 فیصد، فرنیچر کی پیداوار 10.84 فیصد کم ہوئی۔ اسی دوران کیمیکلز مصنوعات اور آئرن و اسٹیل کی پیداوار میں بالترتیب 5.14 فیصد اور 3.44 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جولائی 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 8.99 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 2.60 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ اس دوران آٹوموبائلز کے شعبے کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 57.80 فیصد جبکہ فرنیچر کے شعبے میں 86.79 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

Comments are closed.