سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ممکنہ سیلابی صورتحال پر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر کمیٹی کا اہم اجلاس، تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

سیالکوٹ (پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122): ممکنہ مون سون بارشوں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلع سیالکوٹ میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح پر کی جانے والی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لینا اور تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانا تھا۔

اس اہم اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی (DDMC) سیالکوٹ کیوان حسن، ضلع بھر کے تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور معروف سوشل ورکر و صدر روز ویلفیئر اشفاق نذر نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس کے دوران DDMC کے نمائندے کیوان حسن نے ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی جس میں ضلع کے ممکنہ سیلابی علاقوں، خطرناک پوائنٹس، ریسکیو و ایویکیوشن پلان، آلات و سہولیات کی دستیابی اور کمیونٹی کی شمولیت جیسے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے تمام اداروں کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ وہ مون سون سیزن کے آغاز سے قبل اپنی تیاریوں کو مکمل کریں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیلاب جیسے قدرتی آفات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے تمام اداروں کا فعال اور بروقت کردار ناگزیر ہے، اور غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوید اقبال نے ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جن میں ریسکیو اہلکاروں کی تربیت، ضروری ساز و سامان کی فراہمی، الرٹ سسٹم، اور کمیونٹی آگاہی مہمات شامل ہیں۔

سوشل ورکر اشفاق نذر نے کمیونٹی کی سطح پر رضاکاروں کی شمولیت اور عوامی آگاہی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ عوام کو بھی تیار اور باخبر رکھنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا اداروں کا باہم رابطہ اور تیاری۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے مل کر سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.