سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے سابق جاپانی سفیر اور معروف کمپنی کی سی ای او سمیت جاپانی تجارتی وفد کی ملاقات

سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے سابق جاپانی سفیر اور معروف کمپنی کی سی ای او سمیت جاپانی تجارتی وفد کی ملاقات، آئی ٹی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال۔

اسلام آباد: سینیٹر ڈاکٹرشہزاد وسیم نے جاپان کے سابق سفیر اور معروف جاپانی کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مِس واکا کوساکورائی اور اُن کے ہمراہ آنے والے تجارتی وفد کا اپنی رہائشگاہ پر خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی کے شعبے میں باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ جاپانی وفد نے خاص طور پر پاکستانی نوجوانوں اور باصلاحیت آئی ٹی گریجویٹس کی استعداد سے استفادہ کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران آئی ٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کے مابین اشتراکی کوششوں کو مؤثر بنانے کے لیے تکنیکی مہارت کے تبادلے، تربیتی پروگراموں، اور مشترکہ منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جاپانی وفد کی دلچسپی اور اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی شراکت داریاں نہ صرف پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں بلکہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنیں گی اور وہ اس دورے کو آئندہ کے تعمیری اور نتیجہ خیز تعاون کی بنیاد سمجھتے ہیں۔

یہ دورہ پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ٹیکنالوجی سیکٹر اور اس میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کا واضح عکاس ہیں، جو پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور آئی ٹی ماہرین کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قدر و قیمت کو اجاگر کرتا ہے۔

Comments are closed.