معروف کاروباری شخصیت شہریار میمن وزیراعظم یوتھ پروگرام میں اوورسیز و بزنس امور کے فوکل پرسن مقرر
اوورسیز پاکستانیوں اور نوجوان کاروباریوں کو جوڑنے کا حکومتی عزم، شہریار میمن کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے معروف کاروباری شخصیت اور کمیونٹی لیڈر شہریار میمن کو اوورسیز پاکستانیوں اور بزنس و ٹریڈ لنکیجز کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔
اس تقرری کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا، نوجوانوں کو عالمی مارکیٹوں سے جوڑنا، اور پاکستان کے تجارتی مواقع کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔ شہریار میمن کی تقرری حکومت کے اس نئے وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی میں مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔
شہریار میمن نے اپنی تقرری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری ان کے لیے اعزاز اور عزم کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اگر ہم انہیں درست رہنمائی، عالمی مواقع اور بیرون ملک مارکیٹوں تک رسائی فراہم کریں، تو یہ نوجوان قوم کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ لاکھوں اوورسیز پاکستانی نہ صرف کامیاب کاروباری افراد ہیں بلکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی روابط قائم کرنے میں بھی سنجیدہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو عالمی سطح پر متحرک کرنے، اسٹارٹ اپ کلچر کے فروغ، اور بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
بطور فوکل پرسن، شہریار میمن نہ صرف وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کے ساتھ قریبی اشتراک رکھیں گے بلکہ بین الاقوامی کاروباری تنظیموں، سفارتی مشنز، ڈائسپورا نیٹ ورکس اور حکومتی اداروں کے ساتھ بھی فعال رابطہ قائم کریں گے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ان کی تقرری سے اوورسیز پاکستانیوں اور ملکی نوجوانوں کے درمیان ایک مؤثر پل قائم ہو گا جو پاکستان کے لیے معاشی، سماجی اور تکنیکی ترقی کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔
یہ تقرری اس بات کی عکاس ہے کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں، عالمی ایکسپوژر اور تجارتی امکانات کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments are closed.