ٹیکس چور خبردار! سخت کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل، گوشوارے دوبارہ کھلیں گے ، فیصل واوڈا

ٹیکس چور خبردار! سخت کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل، گوشوارے دوبارہ کھلیں گے ، فیصل واوڈا

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

سینیٹر فیصل واوڈا نے ٹیکس چوروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل ہے، اس لیے بعد میں یہ نہ کہنا کہ اطلاع نہیں دی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں سینیٹر واوڈا نے واضح کیا کہ اگر رواں مالی سال میں ٹیکس ادائیگی میں کم از کم 15 فیصد اضافہ نہ ہوا تو پچھلے تمام سالوں کے گوشوارے دوبارہ کھولے جائیں گے اور جانچ پڑتال کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 فیصد ٹیکس ادا کرنے والے افراد بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارروائی سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے کیونکہ اب ٹیکس نظام میں سختی لائی جا رہی ہے اور کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

سینیٹر واوڈا نے مزید لکھا کہ سوشل میڈیا پر لگژری لائف اسٹائل رکھنے والے افراد اور ان کے جمع کرائے گئے گوشواروں کے درمیان فرق کی باقاعدہ لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں کی نشاندہی کرنے والوں کو بڑا انعام دیا جائے گا، جبکہ وِسل بلوئرز کی معلومات کو مکمل طور پر رازداری میں رکھا جائے گا تاکہ کسی کو بھی نقصان یا خطرے کا سامنا نہ ہو۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سب لوگ قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ایمانداری سے ٹیکس ادا کریں، بصورتِ دیگر نتائج کیلئے تیار رہیں۔

Comments are closed.