کراچی ( زورآور نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ معلومات کے مطابق کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور انڈیکس پہلی مرتبہ 54 ہزار پوائنٹس کی حد سے تجاوز کرگیا کیوں کہ آج کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی 100 انڈیکس میں 386 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا اور مارکیٹ میں 3 کروڑ 13 لاکھ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 54 ہزار 246 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کرنے لگا جب کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 53 ہزار 860 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز دیکھنے میں آیا جہاں پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 430 پوائنٹس کے اضافے سے 53 ہزار 553 پر آگیا جب کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 53 ہزار 123 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری طرف امریکی کرنسی ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ دوبارہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پیر کے روز ڈالر کی نئی قیمت پھر سے 285 روپے ہوگئی کیوں کہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا ہوا اور ڈالر 69 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 285 روپے کا ہو گیا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے مہنگا ہونے کے بعد اس کی نئی قیمت 286 روپے ہوگئی جب کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 284 روپے 31 پیسے پر بند ہوا تھا۔ادھر مسلسل دوسرے ہفتے ملک کے ڈالر ذخائر میں ٹھیک ٹھاک کمی ہوئی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر سے متعلق اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی، مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 7 کروڑ 90 لاکھ ڈالرکم ہوئے، یوں ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر گھٹ کر 12 ارب57کروڑ66 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔
اس پہلے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں معمولی اضافہ رہا اور مرکزی بینک کے ذخائر1 کروڑ 36 لاکھ ڈالرز بڑھ کر 7 ارب 50 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی سطح پر آئے البتہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں نمایاں کمی دیکھی گئی اوریہ ذخائر9کروڑ 26 لاکھ ڈالر کمی سے 5 ارب 6 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کی سطح پر آئے، یہاں واضح رہے کہ اس سے پچھلے ہفتے کے دوران بھی ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 25کروڑ 70لاکھ ڈالر کی بڑی کمی ہوئی تھی۔
Comments are closed.