کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے جاز انٹرنیشنل ہولڈنگ لمیٹڈ کو ٹی پی ایل کارپ لمیٹڈ سے ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ کے حصول کی منظوری دے دی ۔ یہ معاملہ شیئر پرچیز ایگریمینٹ کے تحت ٹی پی ایل انشورنس میں کنٹرولنگ حصص کے حصول سے متعلق ہے۔ اس کے تحت حصص کا ایک حصہ پہلے ٹی پی ایل کارپ لمیٹڈ جرمن سرمایہ کار ادارے ڈوئچے انویسٹیشنز اینڈ اینٹ وِکلنگس گیزیل شافٹ سے حاصل کرے گا، جس کے بعد یہ حصص لازمی عوامی پیشکش کے ذریعے حاصل کنندہ کمپنی جازکو منتقل کیے جائیں گے۔ جاز انٹرنیشنل ہولڈنگ لمیٹڈویون گروپ کا ذیلی ادارہ ہے جومتحدہ عرب امارات میں قائم ہے، ٹیلی کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبے میں کام کرتا ہے۔ جبکہ ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو پاکستان میں نان لائف انشورنس کے شعبے میں روایتی اور تکافل مصنوعات فراہم کرتی ہے۔ کمیشن نے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ کمپٹیشن ایکٹ2010 اور مرجر ریگولیشنز2016 کے تحت لیا۔ متعلقہ مارکیٹ کو پاکستان میں نان لائف انشورنس کا شعبہ قرار دیا گیا۔ جائزے کے مطابق یہ انضمام ایسے کاروباری اداروں کے درمیان ہے جن کے درمیان براہ راست یا بالواسطہ کاروباری سرگرمیوں میں کوئی مماثلت نہیں پائی جاتی۔ کمیشن نے قرار دیا کہ اس سے مارکیٹ میں کسی ایک ادارے کا غلبہ قائم ہونے یا مسابقت متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔ لہٰذا کمیشن نے قانون کے تحت اس لین دین کی منظوری دے دی ہے۔ یہ انضمام پاکستان میں ڈیجیٹل انشورنس کے فروغ اور مالی شمولیت میں اضافے کا باعث بننے کی توقع ہے۔ کمیشن غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ترقی کی حوصلہ افزائی، اور مسابقتی و منصفانہ مارکیٹ کے قیام کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔
Comments are closed.