ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی حمزہ خان کو ورلڈ جونیئر کا اعزاز جیتنے پر مبارکباد

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حمزہ خان کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، 2023جیتنے پر مبارکباد دی۔ سکواش کے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے آسٹریلیا کے ساحلی علاقے میلبورن میں کھیلے گئے فائنل میچ میں مصر کے محمد زکریا کو 3-1کے سکور سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

 

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ائیر چیف نے37برس بعد ٹائٹل پاکستان واپس لانے پر نوجوان چیمپئن کو مبارکباد دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فتح نے 1986 میں جان شیر خان کی ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں فتح کی یاد تازہ کر دی۔ انہوں نے اس جیت کو سکواش کے کھیل میں پاکستان کی ایک شاندار واپسی قرار دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پوری قوم کو اس باصلاحیت کھلاڑی کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے جس نے سکواش کے کھیل میں سبز ہلالی پرچم سربلند کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور صدر پاکستان سکواش فیڈریشن یہ کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک میں سکواش کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

Comments are closed.