ریاض میں چیف آف جنرل اسٹاف کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ پر بات چیت
ریاض
چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا نے ریاض میں سعودی ہم منصب جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ریاض میں ملاقات کی، ملاقات میں اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے باہمی دفاعی معاہدے کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں ”باہمی اسٹریٹجک دلچسپی کے امور“ پر گفتگو کی گئی، جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا، انٹرآپریبلٹی میں اضافہ کرنا اور باہمی دفاعی معاہدے کے تحت تعاون کو آگے بڑھانا شامل ہے۔’’
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ”دونوں فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جو علاقائی امن، استحکام اور خود انحصاری میں مددگار ثابت ہوں گے۔“
دونوں ممالک طویل عرصے سے ایک کثیر الجہتی تعلق کے حامل ہیں جو اسٹریٹجک فوجی تعاون، باہمی اقتصادی مفادات اور مشترکہ اسلامی ورثے پر مبنی ہے۔ ان تعلقات میں اقتصادی معاونت اور توانائی کی فراہمی شامل رہی ہے، جن میں ریاض پاکستان کے لیے مالی امداد اور تیل کا ایک اہم ذریعہ رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان–سعودی عرب دوطرفہ دفاعی صنعتی فورم کا ایک خصوصی اجلاس بھی ریاض میں منعقد ہوا۔ پاکستان کے تینوں سروسز پر مشتمل وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا نے کی، جبکہ سعودی وفد کی قیادت خالد البیاری، اسسٹنٹ وزیر دفاع برائے ایگزیکٹو امور، کر رہے تھے۔

Comments are closed.