جی ڈی اے پبلک اسکول گوادر، بلوچستان کے 28 طلبہ اور 5 فیکلٹی ممبران پر مشتمل وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مطالعاتی دورے کے دوران وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا، جہاں سینیٹ حکام نے طلبہ کو سینیٹ کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی اور پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل، سینیٹ کی آئینی ذمہ داریوں اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سینیٹ میوزیم میں وفد کو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، آئینِ پاکستان کی تشکیل اور قانون سازی کے اہم مراحل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفد نے سینیٹر جان محمد بلیدی کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔
بعد ازاں وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سینیٹ کے جاری اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹ حکام نے ایوانِ بالا کے کام کے طریقہ کار اور پارلیمانی روایات سے متعلق مزید معلومات فراہم کیں۔
وفد کے اراکین نے پارلیمانی نظام، جمہوری اقدار اور ایوانِ بالا کے مؤثر کردار میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس مطالعاتی دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیا۔ وفد نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام کی جانب سے دی گئی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.