لاہور سے اغوا ہونے والے 64 سالہ ڈاکٹر طاہر جمیل قصور سے بازیاب
اغواء کی واردات کو “ریڈ لائن” کے طور پر لیا جا رہا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران
لاہورکے علاقے ڈیفنس فیز 6 سے اغوا ہونے والے معروف ڈاکٹر کو پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر قصور سے بازیاب کروالیا
ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6 سے 62 سالہ ڈاکٹر طاہر جمیل کو اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کی اور چند گھنٹوں میں سراغ لگا کر انہیں بازیاب کروایا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر طاہر جمیل کو کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے بازیاب کروایا ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے نجی اسپتال سے گھر جاتے ہوئے جنرل سرجن کو اغوا کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کو متحرک دیکھ کر اغوا کار گرفتاری سے بچنے کیلیے ڈاکٹر کو چھوڑ کر فرار ہوئے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اغواء کاروں کا تعاقب جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ معروف ڈاکٹر طاہر جمیل کے مبینہ اغواء کا واقعہ پیش آنے کے بعد لاہور پولیس مکمل متحرک ہو گئی تھی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کردی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران واردات کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کے تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے بھی ملاقات کر کے مغوی کی جلد باحفاظت بازیابی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
پولیس نے بتایا تھا کہ کلینک سے گھر واپس آتے وقت دو موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر روکا اور اغوا کر کے ساتھ لے گئے تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اس واقعے کو ریڈ لائن قرار دیا تھا۔
Comments are closed.