اسلام آباد پولیس کی مؤثر کارروائیاں، 2026 کے ابتدائی چار ماہ میں جرائم میں تاریخی کمی

اسلام آباد: ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ قیادت دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں سال 2026 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران جرائم میں نمایاں اور تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے بتایا کہ رواں سال 2026 میں گزشتہ سال 2025 کے مقابلے میں مجموعی جرائم میں 36 فیصد کمی جبکہ صرف ماہ اپریل میں جرائم کی شرح میں 50 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی۔

اسلام آباد پولیس نے ڈکیتی، راہزنی، کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث 192 گینگز کے 447 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان سے 12 کروڑ روپے سے زائد مالِ مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق سال 2026 کے پہلے چار ماہ میں رابری کے واقعات میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ سال 2025 کے مقابلے میں 98 کم کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ شاپ رابری کے 33 کم کیسز درج کیے گئے۔

اسی طرح موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی۔ سال 2025 میں ایسے 129 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2026 میں یہ تعداد کم ہو کر 92 رہ گئی۔ راہزنی اور موبائل فون چھیننے کے واقعات میں بھی 185 کیسز کی کمی دیکھی گئی، جہاں 2025 میں 377 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، وہیں 2026 میں یہ تعداد 192 تک محدود رہی۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق کار چوری کے جرائم میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ سال 2025 میں 151 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال صرف 34 کیسز سامنے آئے۔ اسی طرح موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 359 کیسز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد پولیس نے سال 2026 کے دوران 8 سے زائد ہائی پروفائل مقدمات کو 24 گھنٹوں سے کم وقت میں ٹریس کیا، جن میں معروف تاجر میاں عامر قتل کیس، تھانہ کورال میں رابری کے دوران اندھے قتل کا مقدمہ اور تھانہ کوہسار کی حدود سے اغواء کے بعد قتل کا کیس شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق رواں سال 400 سے زائد اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ شہری مسائل کے فوری حل کے لیے 400 سے زائد کھلی کچہریاں بھی منعقد کی گئیں۔

امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم کے انسداد کے لیے 685 سے زائد سرچ آپریشنز کیے گئے۔ مزید برآں، ریسکیو 15 پر موصول ہونے والی کالز پر بروقت کارروائی اور ایف آئی آر کے اندراج کو بھی یقینی بنایا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پولیس بروقت ریسپانس کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Comments are closed.