رانی پور ،فاطمہ قتل کیس میں گرفتار ملزمان رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

رانی پور(زور آور نیوز)، خیرپور پولیس نے رانی پور میں پیر کی حویلی میں تشدد سے کمسن بچی فاطمہ کے قتل کیس میں گرفتار 4 ملزمان کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا۔قبل ازیں پولیس نے 4 ملزمان کو چھوڑ دیا تھا، رہا کئے جانے والوں میں ایس ایچ او امیر چانگ، ڈاکٹر فتاح میمن، ڈاکٹر علی حسن وسان اور کمپاڈر امتیاز میراسی شامل تھے۔تفتیشی افسر نے دعوی کیا تھا کہ چاروں ملزمان کو بے گناہی کے ثبوت پیش کرنے پر چھوڑا گیا، چاروں ملزمان نے اپنی بے گناہی کے ثبوت ڈی ایس پی عبدالقدوس کلوڑ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ چاروں ملزمان تاحال شامل تفتیش ہیں لیکن انہیں پولیس تحویل سے رہا کر دیا گیا ہے۔پولیس کیس میں نامزد مرکزی ملزم اسد شاہ کی اہلیہ حنا شاہ کو بھی تاحال گرفتار نہیں کر سکی، جبکہ حنا شاہ کے والد فیاض شاہ بھی پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔واضح رہے کہ چاروں افراد پر حقائق چھپانے، جرم چھپانے اور فرائض میں غفلت کے الزامات تھے، مرکزی ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں گزشتہ روز عدالت نے 3 روز کی توسیع کی تھی۔کمسن فاطمہ کی موت رانی پور میں پیر کی حویلی میں ہوئی تھی جس کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

 

Comments are closed.